کراچی (کامرس رپورٹر) ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی ٹرانسپیرنسی ان کارپوریٹ رپورٹنگ اسیسمنٹ 2026ء کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ کیپیٹلائزیشن کے لحاظ سے سرفہرست 104 پبلک لمیٹڈ کمپنیوں کی کارپوریٹ رپورٹنگ میں مجموعی شفافیت درمیانے درجے کی رہی۔ رپورٹ میں کمپنیوں کا اوسط سکور 10 میں سے 6.67، یعنی 66.73 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جو 2024ء کی رپورٹ میں شامل 69 کمپنیوں کے 72.3 فیصد اوسط سکور سے کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق کمپنیوں کی جانب سے مالیاتی اور تنظیمی معلومات کی فراہمی نسبتاً بہتر رہی، تاہم انسانی حقوق، کارپوریٹ سماجی ذمہ داری، ماحولیاتی و سماجی امور اور انسداد بدعنوانی سے متعلق معلومات کی اشاعت میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ جائزے میں کمپنیوں کی رپورٹنگ کو آٹھ اہم شعبوں میں پرکھا گیا، جن میں انسداد بدعنوانی کے پروگرامز، تنظیمی شفافیت، ملکی مالیاتی رپورٹنگ، صنفی مساوات، عدم امتیاز، انسانی حقوق، سرکاری معاہدوں اور ٹینڈرز سے متعلق معلومات اور ماحولیاتی، سماجی و گورننس (ای ایس جی) امور شامل ہیں۔رپورٹ میں انسانی حقوق اور کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے شعبے میں سب سے کم، 45.98 فیصد سکور ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ای ایس جی امور میں اسکور 47.84 فیصد اور انسداد بدعنوانی پروگرامز میں 53.41 فیصد رہا۔ صنفی مساوات اور عدم امتیاز سے متعلق پالیسیوں کی رپورٹنگ کا سکور 68.11 فیصد رہا۔ اس کے برعکس تنظیمی شفافیت میں کمپنیوں نے 92.49 فیصد اور ملکی مالیاتی رپورٹنگ میں 92.50 فیصد سکور حاصل کیا، جو ان شعبوں میں معلومات کی فراہمی کی بہتر صورتِ حال ظاہر کرتا ہے۔مجموعی کارکردگی کے لحاظ سے آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) 92.71 فیصد سکور کے ساتھ پہلے، فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ 91.67 فیصد کے ساتھ دوسرے اور سازگار انجینئرنگ 91.04 فیصد سکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔ او جی ڈی سی، فاطمہ فرٹیلائزر، پاکستان ٹوبیکو کمپنی اور لکی کور انڈسٹریز نے انسداد بدعنوانی پروگرامز سے متعلق رپورٹنگ میں نمایاں سکور حاصل کیے۔ تاہم، جائزے میں شامل کسی بھی کمپنی نے مجموعی طور پر 100 فیصد سکور حاصل نہیں کیا۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے مطابق رپورٹ کی تیاری کے لیے کمپنیوں کی سالانہ رپورٹس برائے 2024-2025ء، ویب سائٹس اور دیگر عوامی دستاویزات کا جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ سکور کمپنیوں کی جانب سے معلومات کی اشاعت اور شفاف رپورٹنگ کی سطح ظاہر کرتے ہیں، یہ اس بات کا ثبوت نہیں کہ متعلقہ پالیسیوں پر عملی طور پر کس حد تک عمل کیا جا رہا ہے یا ان کے نتائج کتنے مؤثر ہیں۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کاشف علی کے مطابق سابقہ اور موجودہ رپورٹوں میں شامل 63 مشترکہ کمپنیوں کے تقابلی جائزے میں، یکساں سوالات اور معیارات پر کارپوریٹ معلومات کی فراہمی کے اوسط سکور میں 9 فیصد بہتری دیکھی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پیش رفت ظاہر کرتی ہے کہ شفافیت سے متعلق آگاہی بہتر رپورٹنگ کی صورت میں سامنے آ رہی ہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے چیئرمین جسٹس (ر) ضیا پرویز کے مطابق کارپوریٹ شفافیت سرمایہ کاروں کے اعتماد، ذمہ دارانہ انتظامی نظام اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے اہم ہے۔
پاکستان میں کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے شعبوں میں کم ترین شفافیت: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشل
30
Oct